کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سنی اتحاد کونسل کے رہنما طارق محبوب کی سینٹرل جیل کراچی میں پراسرارہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار نے طارق محبوب کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
امیر پٹی المعروف گجراتی سرکار عرف سورٹھ ویر کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے طارق محبوب کو رینجرز تحویل میں دیئے جانے کے بعد سینٹرل جیل میں طارق محبوب کی ہلاکت رینجرز کی ساکھ کیلئے خطرہ بن گئی ہے اسلئے شفاف عدالتی تحقیقات کے ذریعے حقائق کی نقاب کشائی رینجرزکی ساکھ کے تحفظ کیلئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کراچی میں آپریشن کے باجود بھتہ مافیا کی آزادانہ سرگرمیوں اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں تیزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بولٹن مارکیٹ میں کریکر دھماکہ بھتہ مافیا کی جانب سے تاجروں پر اپنی گرفت قائم رکھنے کیلئے خوف و ہراس کی فضاْ قائم رکھنے کی کوشش اورا س بات کا ثبوت ہے کہ رینجرز اور سندھ حکومت دونوں ہی عوام’ صنعتکاروں اور تاجروں کو ہرقسم کے تحفظ کی فراہمی میں مکمل ناکام ہیں کیونکہ جرائم پیشہ عناصر کو بڑی سیاسی وحکومتی شخصیات اور بیوروکریسی کی مکمل سرپرستی حاصل ہے ۔