طارق، مدثر اور ہمراہ پانچ آدمیوں کے ہمراہ ن لیگ کے ٹمن سے چیئرمین کے امیدوار رانا عظمت حیات کے ڈیرے پر دھاوا بول دیا

چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سابق ایم این اے سردار فیض ٹمن کا اپنے سیکرٹری طارق، مدثر اور ہمراہ پانچ آدمیوں کے ہمراہ ن لیگ کے ٹمن سے چیئرمین کے امیدوار رانا عظمت حیات کے ڈیرے پر دھاوا بول دیا، ہوائی فائرنگ اور ٹریکٹر کی توڑ پھوڑ ، تھانہ ٹمن میں درخواست دیدی گئی، تفصیلات کے مطابق رانا عظمت حیات ٹمن کے منشی فتح محمد ولد غلام محمد ساکن ٹمن نے تھانہ ٹمن میں اپنی تحریری درخواست میں بتایا کہ میں رانا عظمت حیات کا منشی ہوں اور میں ڈیرے پر موجود تھا کہ مورخہ اٹھائیس نومبر کی رات کو سردار فیض ٹمن، طارق، مدثر، اور دیگر پانچ نقاب پوش نامعلوم افراد کے ہمراہ نالہ انکڑ پر واقع ڈیرہ پر حملہ آور ہو گئے۔

سردار فیض ٹمن مسلح کلاشنکوف، طارق اور مدثر مسلح پسٹل تھے نے للکارا کہ رانا عظمت حیات باہر آئو ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے۔ خوش قسمتی سے رانا عظمت حیات ڈیرہ پر موجود نہیں تھا۔ مذکورہ افراد نے ڈیرہ کے اندر داخل ہو کر ہوائی فائرنگ کی اور کہا کہ رانا عظمت حیات کو جان سے مار دیں گے۔ اس موقع پر موجود ٹریکٹر جو کہ عظمت حیات کا ملکیتی ہے سردار فیض ٹمن اور اس کے ساتھیوں نے پتھرائو کر کے لائٹیں، فرنٹ جالی وغیرہ توڑ دی سائل درخواست گزار اور موقع پر موجود محمد یوسف اور احمد دین نے روکنا چاہا تو مذکورہ حملہ آوروں نے ہمیں تھپڑ مارے اور گالی گلوچ دیں۔ اور دیگر افراد بھی ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے اپنے ملحقہ ڈیرے پر چلے گئے اور وہاں سے بھی پتھرائو کیا۔ اور ملزمان دو گاڑیوں میں بیٹھ کر شہر کی طرف چلے گئے۔ رابطہ کرنے پر رانا عظمت حیات نے کہا کہ سردار فیض ٹمن سیاسی تنہائی کا شکار ہو چکے ہیں اس لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

اگر اپنے دور اقتدار میں مناسب رویہ رکھتے اور کرپشن نہ کرتے تو آج سردار ممتاز ٹمن کی طرح اس کے بھی جان نثار ہوتے مگر اقتدار کے نشے میں اس نے آدمی کو آدمی سمجھا ہی نہیں۔ میرے ڈیرے پر ہر وقت میلہ لگا رہتا ہے اور اس کے ڈیرے پر کوئی نہیں جاتا چونکہ سردار ممتاز ٹمن نے بلدیاتی انتخابات میں مجھے بطور چیئرمین نامزد کیا ہے جو بات اس کو ہضم نہیں ہوتی رانا عظمت حیات کا کہنا تھا میں اس حملہ کا جواب دے سکتا تھا مگر مخلص دوستوں نے کہا جوش سے نہیں ہوش سے کام لیں اور قانون کا سہارا لیں۔ جس پر میں نے تھانہ ٹمن میں درخواست دیدی ہے۔ مقدمہ اندراج کے لیے میرا ٹریکٹر اپنی زمین پر کھڑا تھا جبکہ فیض ٹمن کا گیٹ بھی میری زمین میں ہے اور اس کو ڈیرہ بنانے کے لیے کنال ڈیڑہ کنال اراضی اس کے بہنوئی عزیز الرحمن کے کہنے پر مفت دی تھی۔ واضح رہے کہ سردار فیض ٹمن کے دور اقتدار میں رانا عظمت حیات ان کے دست راست تھے۔ سردار فیض ٹمن نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر میرے خلاف سازش ہے۔ کیوںکہ میں رانا عظمت حیات کے خلاف اپنا امیدوار کھڑا کرونگا سیاسی پوزیشن کمزور ہونے کی وجہ سے رانا عظمت حیات نے یہ ہتھکنڈہ اپنایا ہے۔ جو درخواست کامدعی ہے۔ وہ موقع پر موجود ہی نہیں تھا۔ میرے چند دوست میرے ڈیرے پر جا رہے تھے کہ راستے میں ٹریکٹر کھڑا تھا گاڑی نہیں گزر سکتی تھی تو انہوں نے ٹریکٹر ہٹانے کو کہا کوئی جھگڑا نہ ہوا نہ ہوائی فائرنگ صرف اور صرف اپنی سیاسی پوزیشن کو بہتر کرنے کے لیے یہ معاملہ کھڑا کیا۔
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات موخر کروا دئیے جائیں۔ کیونکہ اس سے حکومت کومطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔

اراکین اسمبلی نے خدشات ظاہر کیے ہیں کہ اگر حکومت بلدیاتی انتخابات کرواتی ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہوگا۔ کیونکہ بلدیاتی ممبران منتخب ہوتے ہی تھانہ کچہری کی سیاست پر قبضہ کر لیں گے اور ان کے ڈیروں پر ہو کا عالم ہوگا۔ جبکہ اختیارات بھی کم ہو جائیں گے۔ نوے فیصد اراکین اسمبلی بلدیات کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ جبکہ اپوزیشن ارکان کی خواہش ہے کہ انتخابات ہونے چاہئیں تاکہ اختیارات تقسیم ہوں۔ دوسری جانب حکومت بھی بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے مخلص نظر نہیں آتی۔