حنا پرویز نے خواتین کے ساتھ ہونیوالی جنسی زیادتیوں کیخلاف پنجاب میں تحریک التواء کار جمع کرا دی
Posted on April 23, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, لاہور
لاہور: مسلم لیگ (ن)کی ممبرصوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پنجاب بھر میں خواتین کے ساتھ ہونیوالی جنسی زیادتیوں کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء کار جمع کرا دی ۔ اپنی تحریک میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق شرقپور ضلع شیخوپورہ کے علاقہ ترڈگے میں عاصم اور اسکے تین ساتھیوں نے سولہ سالہ لڑکی کو اپنے گھر سے سکول جاتے ہوئے زبردستی اغواء کیا اور ویرانے میں لا جا کر اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کرتے رہے جب اس لڑکی کی حالت غیر ہو گئی تو ملزمان بے ہوشی کی حالت میں شرقپور کے ہسپتال کے سامنے پھینک کر فرار ہو گئے ۔
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تو درج کر لیا ہے لیکن چونکہ ملزمان با اثر ہیںاس لئے پولیس انہیں گرفتار کرنے کی زحمت نہیں کر رہی ۔ آئے روز ایسے واقعات سے اخبارات بھرے پڑتے ہیں اور اب تو حالات یہاں تک پہنچ گئے ہیں کہ بچیاں حصول تعلیم کے لئے اپنے گھروں سے تعلیمی اداروںمیں جاتے ہوئے بھی غیر محفوظ ہو گئی ہیں ۔ ایسے حالات میں لوگ اپنی بچیوں کو سکولوں اور کالجوں میں بھیجنے کے لئے کیسے تیار ہوں گے؟پھر ظلم کی حد یہ ہے کہ پولیس بھی ملزمان کا حسب و نسب دیکھ کر کارروائی کرتی ہے ۔ اس اندوہناک اور سفاکانہ واقعہ سے پنجاب بھر کی طالبات او رانکے والدین میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com