اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے اوگرا کرپشن کیس میں توقیر صادق کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔توقیر صادق کہتے ہیں نیب تفتیشی ٹیم ذہنی و جسمانی اذیت پہنچا رہی ہے،دوران تفتیش جہانگیر بدر اور علی بدر کا نام لینے پر مجبور کیا گیا۔
اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش کیا۔ قومی احتساب بیورو نیب نے توقیر صادق کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن مزید توسیع کی درخواست دی، تاہم، عدالت نے توقیر صادق کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 2 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
دوران سماعت توقیر صادق نے بیان دیا ہے کہ نیب کی تفتیشی ٹیم کی جانب سے ان پر تشدد کیا گیا۔دوران تفتیش ان پر جہانگیر بدر اور علی بدر کا نام لینے پر مجبور کیا گیا۔توقیر صادق نے عدالت کو بتایا کہ مجھے فرش پر لٹایا جاتا ہے اور سونے بھی نہیں دیا جا رہا۔
انہوں نے کہا ہے کہ مجھے ذہنی اذیت پہنچائی جا رہی ہے جبکہ طبی معائنہ بھی نہیں کروانے دیا جا رہا، تفتیشی ٹیم نے اپنی مرضی کا ڈاکٹر رکھا ہوا ہے۔دوسری طرف تفتیشی ٹیم کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا توقیر صادق کا سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹر سے معائنہ کرایا گیا۔