اسلام آباد (جیوڈیسک) چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی سکیم سے کالا دھن سفید کرنے کی اجازت دی گئی۔ نواز شریف کو ٹیکس BASE بڑھانے کے لیے خود مثال بننا ہوگا۔
عمران خان نے سماجی میڈیا کی سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم ایمانداری پر ٹیکس کے برابر ہے جس سے ٹیکس چوروں کو کالا دھن سفید کرنے کی اجازت دی گئی ۔ کپتان کا کہنا تھا کہ شریف برادران کو ٹیکس Base بڑھانے کے لیے خود مثال بننا ہوگا۔
انہیں اپنے اور خاندان کے اندرون اور بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنا ہونگے۔ عمران خان نے لکھا کہ ٹیکس کا دائرہ بڑھانے کے لیے ایف بی آر کو خودمختار کرنا ہو گا۔ انہوں نے مسلم لیگ نون کی نجکاری پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اداروں میں نااہل لوگوں کے بیٹھنے کی وجہ سے اصلاحات نہیں لائی جا سکیں۔
ملکی اداروں کو شفافیت کے بغیر کاروباری اداروں کو بیچ دیا جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم کو باچا خان سانحے کے فوری بعد وطن واپس آنا چاہئے تھا۔
پوری قوم پروفیسر حامد کی شہادت کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے باچا خان یونیورسٹی میں اپنی پسٹل سے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے طلباء کا دفاع کیا۔