اسلام آباد (جیوڈیسک) ایف بی آرنے وزیراعظم کی اعلان کردہ گرین انویسٹمنٹ اسکیم کے نام پردی جانیوالی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے ناکام ہونے کے باعث بڑے پیمانے پر شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے نوٹس جاری کرنا شروع کر دیے ہیں جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور ایف بی آر نے وزیراعظم کا نام دانستہ طور پر استعمال کیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق دبئی مذاکرات میں آئی ایم ایف نے گرین انویسٹمنٹ اسکیم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا اور آئی ایم ایف کو یہ کہہ کر مطمئن کیا گیا کہ اس اسکیم کے تحت پہلے سے نافذ ٹیکسوں کی شرح میں کمی نہیں کی گئی بلکہ جو لوگ ٹیکس نیٹ میں نہیں یہ اسکیم ان کیلیے ہے۔
حکومت کے مطابق اس کے نتیجے میں نہ صرف ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ ٹیکس نیٹ اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی میں اضافے کے ساتھ اضافی ریونیو بھی حاصل ہوگا۔