ٹیکس وصولیاں 1939 ارب سے تجاوز، ریفنڈز میں 23 فیصد کمی

Rupees

Rupees

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایف بی آر کی یکم جولائی 2015 سے 19 مارچ 2016 تک ٹیکس وصولیاں 1939 ارب سے تجاوز کرگئیں تاہم ریفنڈز کی ادائیگیاں 22.8 فیصد کمی سے 58.45 ارب روپے رہیں۔

’’ دستیاب عبوری سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران اب تک 19 کھرب 39 ارب 30 کروڑ روپے کا ٹیکس جمع کیا گیاجو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 16 کھرب 45 ارب 43 کروڑ روپے کی وصولیوں سے 17.9 فیصد زیادہ ہے جبکہ رواں ماہ کے پہلے 19 دنوں میں وصولیاں 1 کھرب 37 ارب 20 کروڑ روپے رہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا 19 مارچ میں 1939.3 ارب روپے کی وصولیوں میں سے براہ راست ٹیکس (انکم ٹیکس) کی وصولیاں 13.7 فیصدکے اضافے سے 714.6 ارب،سیلز ٹیکس وصولیاں 18.6 فیصد بڑھ کر 856.7 ارب، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولیاں 9.56 فیصد کے اضافے سے 108.8 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی کی وصولیاں 32.9 فیصد بڑھ کر 259.3 ارب روپے پر جاپہنچیں۔

اعدادوشمار کے مطابق رواں ماہ انکم ٹیکس 30.1 فیصد، سیلز ٹیکس، 33.9 فیصد اور کسٹمزڈیوٹی کی وصولیاں 30 فیصد زائد رہیں جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولیوں میں 12 فیصد کمی ہوئی،اس دوران 17 فیصد کے اضافے سے ٹیکس دہندگان کو 3 ارب 40 کروڑ روپے کے ریفنڈز دیے گئے۔