ٹیکس وصولیوں میں جولائی تا فروری 107.7 ارب کا شارٹ فال

Tax

Tax

اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران ایف بی آر کا ریونیو شارٹ فال 100 ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔

ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ملنے والے ٹیکس وصولیوں کے عبوری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 8 ماہ کے دوران ایف بی آر نے مجموعی طور پر 1363 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں حاصل ہونے والی 1161.7 ارب روپے کی وصولیوں کے مقابلے میں اگرچہ 17 فیصد زیادہ ہیں تاہم جولائی تا فروری 2014 کے لیے مقررہ 1470.7 ارب روپے کے ٹیکس ہدف سے 107.7 ارب روپے کم ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے گذشتہ ماہ کے دوران 162 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں حاصل ہونے والی 140.2 ارب روپے کی وصولیوں سے اگرچہ 17 فیصد زیادہ ہیں تاہم 180.8 ارب روپے کے ماہانہ ہدف سے 18.8 ارب روپے کم ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں ٹیکس وصولیوں کے حتمی اعدادوشمار موصول ہونے پر ریونیو شارٹ فال میں کچھ کمی واقع ہونے کی توقع ہے البتہ اس بارے میں جب ایف بی آر کے ترجمان شاہد حسین اسد سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کے دوران 162 ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں جو سال 2013 کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہیں جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران حاصل کردہ ٹیکس وصولیاں 1363 ارب روپے ہوگئیں۔ ان کا بھی کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں حتمی اعدادوشمار موصول ہونے پر ٹیکس وصولیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔