ٹیکس اصلاحات کمیشن کی طبقہ اشرافیہ کی ٹیکس مراعات ختم کرنیکی تجویز

Tax

Tax

اسلام آباد (جیوڈیسک) طبقہ اشرافیہ کو بھی اب ٹیکس دینا ہو گا۔ ٹیکس مراعات ختم کرنے کی تجویز سامنے آ گئی۔ ٹیکس اصلاحات کمیشن نے صدر، وزیراعظم، گورنرز، وزراء اور ججوں کو حاصل ٹیکسوں کی چھوٹ ختم کرنے کی سفارش کر دی ہے۔

اعلیٰ فوجی افسروں اور بیرون ملک خدمات انجام دینے والے سرکاری افسروں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کی تجویز دے دی گئی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھیجی گئی تجاویز میں فاٹا اور پاٹا کو بھی ٹیکسوں کے دائرے میں لانے کی سفارش کی گئی ہے۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارتکاروں اور سفارتی عملے کیلئے ٹیکس مراعات برقرار رکھنے کا کہا گیا ہے جبکہ تمام پنشنرز کیلئے ٹیکس کی چھوٹ برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

کمیشن نے شہداء کو ملنے والے فنڈز پر چھوٹ جاری رکھنے جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے تمام مریضوں پر ہر طرح کا ٹیکس معاف کرنے کی سفارش کی ہے۔