اسلام آباد (جیوڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا۔ جس میں ملک کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ای سی سی نے ملک میں گندم اور یوریا کھاد کے ذخائر اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں اکاون لاکھ ٹن گندم اور انتیس لاکھ ٹن چینی موجود ہے اور ایندھن کے ذخائر بھی بارہ روز کیلئے کافی ہیں۔
رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بڑی صنعتوں کی شرح نمو چار فیصد رہی جبکہ کار سازی، کھاد، کیمیکل اور ادویات سازی میں شرح نمو دیکھی گئی۔
اس عرصے میں بجلی کی پیداوار میں گیارہ فیصد اور گیس کی سپلائی میں ڈیڑھ فیصد تک اضافہ ہوا۔ زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے بیس ارب ڈالر تک رہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں چار فیصد اضافہ ہوا۔