ٹیکس ہدف کے لیے رواں ماہ453ارب جمع کرنے کا عزم

FBR

FBR

کراچی (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو 30 جون2016 تک باقی ماندہ453 ارب روپے کی وصولیوں کے ساتھ 3104 ارب روپے کے مقررہ ہدف سے زائد مالیت کا ریونیو حاصل کر لے گا۔ یہ بات ممبرآئی آرآپریشنز ایف بی آر ڈاکٹرارشاد احمد نے پیر کوریجنل ٹیکس آفس کراچی میں ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران واسٹاف کیلیے ہیلتھ انشورنس کارڈاسکیم کی افتتاحی تقریب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انھوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں ایف بی آر نے 20 فیصد کی شرح سے ریونیو میں نموحاصل کی ہے، یہی وجہ ہے کہ مئی 2016 تک ایف بی آر2642 ارب روپے کا ریونیو وصول کرچکا ہے۔ قبل ازیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرارشاد نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس اسکیم ایف بی آر ملازمین کا دیرینہ خواب تھا جو اب شرمندہ تعبیرہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پرکراچی میں ان لینڈ ریونیو کے افسران واسٹاف کے خاندان یکم جولائی 2016 سے جاری کردہ جوبلی انشورنس ہیلتھ کارڈ سے استفادہ کرسکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ انشورنس اسکیم ابتدائی طور پر کراچی میں متعارف کرائی جارہی ہے بعدازاں اس کے دائرہ کار کو ملک بھر کے تمام ملازمین تک توسیع دے دی جائیگی، اسکیم کے تحت افسران سے کنٹری بیوشن لیا جائیگا جبکہ نچلے اسٹاف سے نہیں لیا جائیگا بلکہ ایف بی آر کی مجموعی وصولیوں میں سے کچھ حصہ کامن پول فنڈ میں منتقل کرتے ہوئے ہیلتھ اسکیم کوچلایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ ان لینڈ ریونیو سروس میں بھی پاکستان کسٹم سروس کی طرز پر ریوارڈ پروگرام متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران واسٹاف کی حوصلہ افزائی ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان لینڈسروس کے ملازمین کومہلک بیماریوں سے بچاؤ کیلیے لیبارٹری جانچ پڑتال اور انچولی کراچی میں آئی آرایس کی 1.5 ایکڑ اراضی پر جدید ترین اسپتال قائم کرنے کے علاوہ ملازمین کیلیے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسکول قائم کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی آرایس اسٹاف کی موجودہ تنخواہوں میں بہترعلاج کی سہولتوں کا حصول ناممکن ہے، یہی وجہ ہے کہ آئی آرایس کراچی کے اعلیٰ افسران کی مشاورت سے کراچی میں ابتدائی طور پرہیلتھ انشورنس اسکیم متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت انشورنس کے حامل کارڈ ہولڈرز کے خاندان ملک بھر کے 316 اسپتالوں کے پینل سے استفادہ کرسکیں گے۔ تقریب سے چیف کمشنرآئی آرایس نوشین جاوید امجد، سیما شکیل، لبنیٰ فرخ مرزا اورجوبلی انشورنس کے گروپ ہیڈسہیل احمد نے بھی خطاب کیا۔