سپین (جیوڈیس)دنیا کے بہترین فٹ بالر ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑی لیونیل میسی نے اپنے خلاف لگائے گئے ٹیکس چوری کے الزام کی تردید کرتے ہوئے اس بابت حیرت کا اظہار کیا ہے۔ سپین غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سپین کے صوبے کا تالونیا میں ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فٹ بالر لیونیل میسی اور ان کے والد پر ٹیکس کی مد میں چار ملین یورو کی چوری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔ میسی جو بارسلونا فٹ بال کلب کے لیے کھیلتے ہیں کا کہنا ہے کہ انہیں اس بارے میں میڈیا کے ذریعے علم ہوا اور یہ کہ انہیں اپنے اور اپنے والد کے خلاف ان الزامات پر حیرت ہے۔ خیال رہے کہ بارہ برس کی عمر میں ارجنٹائن سے نقل مکانی کرکے سپین میں آباد ہو جانے والے میسی ہسپانوی شہری بھی ہیں۔
میسی نے ٹیکس چوری کے الزام کی تردید کرتے ہوئے بدھ کے روز اپنے فیس بک پیج پر لکھا تھا کہ ”ہم حیران ہیں، ہم نے کبھی ایسا کام نہیں کیا اور ہمیشہ ٹیکس سے متعلق ضوابط کی پاسداری کی ہے اور اپنے مشیران ٹیکس کے مشوروں پر عمل کیا ہے۔ وہی اس بارے میں وضاحت پیش کریں گے۔
میسی کے والد خورگے میسی جو لیونیل میسی کے مینیجر بھی ہیں کہتے ہیں کہ یہ سارا معاملہ ایک غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ وکیل استغاثہ امادو کا الزام ہے کہ میسی کے والد نے میسی کے امیج رائٹس کو یورو گوائے اور کئی ایسے ملکوں میں فروخت کیا جہاں ٹیکس قوانین سخت نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 2007 سے 2009 تک ان رائٹس کی فروخت پر کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔
میسی کو دنیا کا بہترین فٹ بالر قرار دیا جاتا ہے۔ ان کے بے شمار پرستار اور فٹ بال کے بہت سے ماہرین انہیں پیلے اور میرا ڈونا کے بعد تاریخ کا بہترین فٹ بالر مانتے ہیں۔ وہ ایف سی بارسلونا کے لیے کھیلتے ہوئے تین یورپی چیمپئن شپ اور متعدد ہسپانوی لیگ ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔
گزشتہ برس انہوں نے ایک ہی سال میں کلب اور اپنے ملک کی قومی ٹیم کے لیے اکانوے گول کرکے سال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے سیزن میں انہوں نے بارسلونا کے لیے چھیالیس گول کیے جو کہ اس برس یورپی کلب فٹ بال میں سب سے زیادہ گول ہیں۔
گو کہ بارسلونا چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں جرمن کلب بائرن میونخ سے بری طرح ہار گیا تھا تاہم اس نے ہسپانوی لیگ ٹائٹل بہرحال اپنے نام کر لیا تھا۔ میسی کا ایف سی بارسلونا کے ساتھ معاہدہ 2018 تک ہے۔ ان کی اس کلب سے سالانہ آمدنی سولہ ملین یورو ہے جب کہ اتنی ہی رقم وہ اشتہارات اور دیگر ذرائع سے بھی کما لیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چار ملین کی رقم میسی کے لیے انتہائی معمولی ہے مگر اس سے ان کی شہرت پر حرف آ سکتا ہے کیوں کہ وہ نہ صرف اپنے کھیل بلکہ کھیل کے باہر اپنی سادگی اور عاجزی کے حوالے سے بھی اچھی شہرت رکھتے ہیں۔