اسلام آباد (جیوڈیسک) ٹیکسز میں رد و بدل کی وجہ سے مقامی تمباکو انڈسٹری بند ہونے لگی، صنعتکاروں کے کروڑوں روپے ڈوب گئے، ایف بی آر نے سگریٹس پر ٹیکسز بڑھانے کے بجائے کم کر دیے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مقامی تمباکو انڈسٹری کے خلاف انتہائی سخت اقدامات کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
ایف بی آر نے سمگلنگ اور غیر قانونی سگریٹس کی فروخت کو روکنے کے بجائے مقامی صنعتوں کے خلاف کارروائیاں کرنا شروع کردی ہیں جس کی وجہ سے تمباکو کی مقامی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے ، مقامی صنعتکاروں نے بتایا کہ ایف بی آر کی پالیسیوں کی وجہ سے مقامی تمباکو انڈسٹری تباہ ہونے لگی ہے۔
ایف بی آر کے بے جا ٹیکسز کے بعد 3 ماہ میں خیبر پختونخوا میں متعدد بڑی بڑی فیکٹریوں کو تالے لگنا شروع ہوچکے ہیں، وفاقی بجٹ کے بعد خیبر پختونخوامیں تین بڑی فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں۔