انجمن تاجران فیصل آباد کے صدر خواجہ شاہد رزاق سکا کے مطابق حکومتی ٹیم کی جانب سے تاجر کنونشن ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی جسے تاجروں نے مسترد کر دیا ہے۔ 9 اکتوبر کو فیصل آباد میں ایک کنونشن منعقد کیا جائے گا۔ جس میں پنجاب بھر کے تاجروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کنونشن میں حکومت کی تاجر مخالف پالیسیوں پر مشترکہ احتجاجی لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور پورے صوبے میں ایک روز کے لئے کاروبار بند اور پہیہ جام کرنے پر بھی مشاورت ہوگی۔ تاجروں کے مطابق دو فیصد اضافی سیلز ٹیکس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو تمام بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔
انجمن تاجران فیصل آباد کے مطابق ستائیس تاجر تنظیموں نے کنونشن میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور، ملتان اور راولپنڈی سمیت اہم شہروں کے تاجروں کے وفود نے بھی کنونشن میں شرکت پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔