کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا اصولی موقف ہے اب نہ مزید ٹیکس لگائے جائیں گے نہ گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔
غلام سرور خان نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام ہے اور اب معاشی استحکام آئے گا، ق لیگ اور ایم کیو ایم ہمارے بغیر اور ہم ان کے بغیر نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کا گندم اور چینی کے بحران میں کوئی کردار نہیں ہے، وفاقی وزراء کی کچھ معاملات پر اختلاف رائے سیاسی ناپختگی ہے، کچھ لوگ ذاتی شہرت کے بھوکے ہیں اس میں ہمارے ساتھی بھی ہوسکتے ہیں۔
غلام سرور کا کہنا تھا کہ کابینہ مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے موڈ میں نہیں ہے، ہائیکورٹ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے کہا تو سپریم کورٹ جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز کی مد میں پیسے نہیں ملتے، ہم صرف اسکیم بنا کر دیتے ہیں پیسے متعلقہ ادارے کو جاتے ہیں۔
غلام سرور نے اعتراف کیا کہ چوہدری نثار نے جتنے ترقیاتی کام کروائے شاید میں نہیں کروا سکوں۔