کراچی (جیوڈیسک) موبائل فون کمپنیوں نے تھری جی انٹرنیٹ سروس پر عائد ٹیکس صارفین کو منتقل کرتے ہوئے انٹرنیٹ چارجز میں اضافہ کردیا ہے۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق 2 کمپنیوں نے بذریعہ ایس ایم ایس اپنے صارفین کو انٹرنیٹ کے استعمال پر ٹیکس کی شرح کے مطابق اضافہ شدہ چارجز سے مطلع کر دیا ہے، ایک کمپنی نے نئے چارجز کا اطلاق 24 جولائی سے کردیا ہے جبکہ دوسری کمپنی 4اگست سے نئے چارجز وصول کرے گی۔
باقی کمپنیوں کی جانب سے بھی آئندہ چند روز میں چارجز بڑھانے کا اعلان کردیا جائے گا، تھری جی کے ساتھ ٹوجی اور فور جی صارفین کو بھی اضافی چارجز ادا کرنا ہوں گے۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق انٹرنیٹ پر صوبائی 18.5 سے 19.5 فیصد سروس ٹیکس اور 14 فیصد فیڈرل ٹیکس کے نفاذ کے بعد موبائل کمپنیوں کے لیے اضافی ٹیکس صارفین کو منتقل کرنا ناگزیر ہوچکا تھا۔
سندھ اور کے پی کے میں انٹرنیٹ پر صوبائی ٹیکس کا معاملہ عدالتوں میں زیر غور ہے اور موبائل فون کمپنیاں سندھ اور کے پی کے میں خدمات پر جی ایس ٹی کی مد میں ٹیکس صارفین پر منتقل کرنے کے بجائے خود اپنے ریونیو میں سے الگ کرکے جمع کرتی رہیں تاہم اب موبائل فون کمپنیوں نے 19.5 فیصد کے لحاظ سے خدمات پر صوبائی جنرل سیلز ٹیکس ملک گیر سطح پر صارفین سے وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انٹرنیٹ پر صوبائی ٹیکسوں کے خلاف ڈیجیٹل کمیونٹی کی احتجاجی مہم پنجاب حکومت کی وعدہ خلافی کے بعد دم توڑ گئی ہے اور اب صارفین کے پاس بھی ٹیکسوں کی یلغار کے آگے ہتھیار ڈالنے کے علاوہ کوئی راستہ باقی نہیں بچا، پنجاب حکومت کی جانب سے ٹیکس کے نفاذ پر انٹرنیٹ اور ویب سائٹس کمپنیوں کے احتجاج کے بعد پنجاب حکومت نے ٹیکس کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں پنجاب حکومت اس یقین دہانی کو پورا نہیں کر سکی اور پنجاب میں بھی انٹرنیٹ پر ٹیکس عائد کردیا گیا۔