ٹیکس پیئرز آنر کارڈ ہولڈرز کو اسلحہ رکھنے کی اجازت کا فیصلہ

Weapon

Weapon

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے ٹیکس پیئرز آنرکارڈ رکھنے والے 400 بڑے ٹیکس دہندگان کو اپنی حفاظت کیلیے ملک بھر میں خود کار اسلحہ ساتھ رکھنے کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس پیئرز کارڈ رکھنے والے بڑے ٹیکس دہندگان کو مفت اور فوری اسلحہ لائسنس جاری کرنے کے حوالے سے سمری تیار کرکے حکومت کو بھجوادی گئی ہے اور وزارت داخلہ کی مشاورت کے بعد وفاقی کابینہ کو بھجوائی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے منظوری ملنے کے بعد ٹیکس پیئر کارڈ رکھنے والے بڑے ٹیکس دہندگان کو اپنے ساتھ خود کار اسلحہ رکھنے اور اسے اپنے ساتھ پورے ملک میں لے کر چلنے کی اجازت ہوگی۔

حکام کے مطابق ان 400 ٹیکس دہندگان کے ساتھ نادرا، اسپتالوں، تعلیمی اداروں، بینکوں سمیت دیگر تمام اہم مقامات پر ترجیحی سلوک، وی آئی پی لائونجز میں اسپیشل کوٹہ مختص، ایئرٹیکس کے اجرا سمیت دیگر تمام سرکاری فورمز پرخصوصی سہولتیں، مفت پاسپورٹ جاری، بغیر ڈیوٹی وچارجز 500 کے بجائے5ہزار ڈالر تک کا پرسنل بیگیج لانے لے جانے کی اجازت، امیگریشن کائونٹرز پر فاسٹ ٹریک کلیئرنس اور کارڈ ہولڈرز کو وزیراعظم کی طرف سے سالانہ ایکسیلنس ایوارڈ اور ڈنر کے ساتھ 23 مارچ اور 14 اگست کی خصوصی تقریبات میں مدعو کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس پیئرز آنر کارڈ کے رولز کے بعد کارڈز کااجرا شروع ہوگا۔