ٹیکسلا (سردار منیراختر) ٹیکسلا میں علاقہ رہبر کالونی میں واٹر سپلائی انتظامیہ اور نااہل کمیٹی کے کارنامے سے لوگ غلیظ پلید اور گندا پانی پی رہے ہیں۔پانی کھولنے اور بند کرنے والے والز پھٹ گئے ہیں اور لیکج کی وجہ سے پانی باہر روڈ تک آجاتا ہے پھر یہی پانی روڈ اور نالے کی تمام غلاظتیں ساتھ لاکر دوبارہ انھی والز میں داخل ہو جاتا ہے۔بارش میں سارے علاقے کا گندا پانی نالیوں سے ہوتا ہوا بالکل سیدھا والز کے اندر جاتا ہے۔والز جہاں نصب ہیں وہاں کچرے کا ڈھیر لگا ہوا ہے اور گندے شاپروں سے بھرا پڑا ہے۔
اس پلید پانی سے وضو یا غسل جائز ہے یہ تو علماء ِکرام ہی بتاسکتے ہیں مگر لوگوں میں بڑی تعداد میں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔اہلیان ِعلاقہ کی زندگی دائو پر لگی ہے اور انتظامیہ اور نااہل کمیٹی میٹھی نیند سورہی ہے اوریہاں کے سیاستدان بھی ایسے غائب ہیں جیسے گدھے کے سر سے سینگ۔ عوام الناس میں سخت رنج اور غم پایا جارہا ہے،حالیہ ضمنی انتخابات میں جولوگ ووٹ مانگنے آئیں گے انھیں یہی غلیظ پلید پانی پلایا جائے گا۔
اہلیان ِ علاقہ کی استدعا ہے اسسٹنٹ کمشنر صاحب سے اور دیگر زمہ داران سے کہ وہ فوری کاروائی کریں اور اس سنگین غفلت پر مجرموں کو سخت ترین سزا دیں۔اور اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کریں۔واٹر سپلائی اسکیم کو چوروں اور نااہل لوگوں کے چنگل سے چھڑا کر نیک اور ایماندار لوگوں کے ہاتھ میں دیں۔