واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ رواں سال 28 ارب 63 کروڑ روپے کما کر سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی گلوکارہ قرار پائی ہیں۔
امریکی جریدے فوربز نے سال 2019 میں سب سے زیادہ کمانے والے گلوکاروں اور موسیقاروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں ٹیلر سوئفٹ کو رواں سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والی گلوکارہ قرار دیا گیا ہے۔
فوربز کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کے لیے رواں سال نہایت اچھا رہا جس میں انہوں مزید شہرت کے ساتھ ساتھ بے پناہ دولت بھیکمائی ۔
واضح رہے کہ گذشتہ 5 سالوں کے دوران ٹیلر سوئفٹ نے یہ اعزاز دوسری مرتبہ حاصل کیا ہے اس سے قبل 2016 میں بھی فوربز نے انہیں سال کی سب سے زیادہ دولت کمانے والی گلوکارہ قرار دیا تھا۔
سب سے زیادہ کمائی کرنے والے گلوکاروں کی فہرست میں دوسرا نمبر امریکی گلوکار کانیے ویسٹ کا ہے جب کہ تیسرے نمبر پر اس فہرست میں برطانوی گلوکار ایڈ شیران موجود ہیں۔
فوربز کی فہرست میں ویسٹ انڈین جزیرے بارباڈوس کی میوزک کوئین ریحانہ گیارہویں نمبر پر اور امریکی گلوکارہ کیٹی پیڑی 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
معروف امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز اور لیڈی گاگا کا نام بھی سب سے زیادہ دولت کمانے والی گلوکاراؤں میں شامل ہے۔