کراچی (جیوڈیسک) اینٹی کرپشن کورٹ نے ٹڈاپ کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی 9 مقدمات میں ضمانت کی توثیق کردی، جبکہ مخدوم امین فہیم مرحوم کا نام کیس سے خارج کردیاگیا ۔
وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ٹڈاپ اسکینڈل کیس کی سماعت کے لئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی آمد پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نےنعرے بازی کی۔
کارکنوں کے نعروں پر عدالت نے اظہار برہمی کا اظہار کیا عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ، جسے نعرے بازی کرنی ہے سڑک پر کرے، سماعت کے موقع پر یوسف رضا گیلانی کےوکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک ہی الزام پر 23 مقدمات کا چالان پیش کرنا بد نیتی ہے، کیس کی مزید انکوائری ہونی چاہیے۔
جبکہ یوسف رضا گیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے خلاف مزید کیس پائپ لائن میں ہیں، اس حوالے سے عدالت حکم جاری کرے۔سماعت کے بعد عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی 9 مقدمات میں ضمانت میں توثیق کردی جبکہ سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم مرحوم کا نام ٹڈاپ اسکینڈل کیس سے خارج کرتے ہوئے سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی۔