کراچی (جیوڈیسک) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈیپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ٹی ڈیپ کی ساکھ کوبہتربنانے کے لیے 450 افراد پر مشتمل افرادی قوت میں سے کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث افراد کو فارغ کردیا جائے گا۔
وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو طارق باوجوہ کی کاروبار دوست پالیسیوں کے سبب عوام اور تاجر برادری کا حوصلہ بلند ہو رہا ہے جبکہ ملکی برآمدات کو جلد 50 ارب ڈالرتک پہنچانے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز بیگ گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین ڈاکٹر مرزا اختیاربیگ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے کے موقع پر کہی، اس موقع پرگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، ڈاکٹرمرزااختیاربیگ نے بھی اظہارخیال کیا جبکہ تقریب میں کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین، کاٹی کے صدر سید فرخ مظہر، سینیٹرعبدالحسیب خان، خالدتواب، اشتیاق بیگ، ملک خدا بخش، سفائر گروپ کے چیئرمین میاں محمد عبداللہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔