کراچی (جیوڈیسک) انسداد بدعنوانی کی عدالت نے ٹڈاپ اسکینڈل میں سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم کی ضمانت منظور کر لی۔
کراچی میں انسداد بدعنوانی کی عدالت کے جج محمد علیم نے پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد کی موجودگی کے باعث اپنے چیمبر میں ٹڈاپ اسکینڈل کے مقدمات کی سماعت کی۔
جہاں پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم بھی پیش ہوئے، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ بھی مخدوم امین فہیم سے اظہار یکجہتی کے لئےعدالت پہنچے۔
سماعت کے دوران عدالت نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اسکینڈل کے 12 مقدمات میں 2،2 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں پر سابق وفافی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم کی ضمانت منظور کرلی۔
اس کے علاوہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں بھی 5 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔ کیس کی مزید سماعت 5 اگست کو ہوگی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں رہنماؤں کو حاضری سے بھی مستثنیٰ قراردے دیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔