کراچی (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ خدارا اب ہمارے گریبانوں سے ہاتھ نکال لیں۔ نامعلوم نامعلوم بہت ہو چکا قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے۔
ہمیں اپنی سرگرمیاں محدود کرنے پر مجبور کرنے سے ہمارے مضبوط گڑھ کہلانے والے علاقے بھتہ خوروں اور انتہا پسندوں کی آماجگاہ بن گئے ہیں، کارکنان قومی تحریک کی فعالیت کو اپنا شعار بنائیں، اسلاف کے افکار کو عام کرنے کے لیے شب و روز کام کریں۔
کسی صورت اپنے کارکنان کو درپیش مشکلات اور خطرات سے غافل نہیں ہیں کارکنان ہمت نہ ہاریں، جتنا ظلم برداشت کرسکتے تھے کرلیا اب اگر کسی کارکن کو کچھ ہوا تو حکمرانوں کا جینا مشکل کردیں گے، اتحاد و اتفاق سے ظلم کا حساب لیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو باچا خان مرکز میں اے این پی ضلع غربی کے تحت ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انھوں نے مزید کہا کہ چائے کی پیالی میں سونامی لانے والے اپنا وقت برباد کررہے ہیں۔
موجودہ مرکزی حکومت کی نااہلی اورہٹ دھرمی سے کسی طور انکار نہیں ہے، ایک غلط فہمی دور کرتا چلوں کہ ہم حکومت کے ساتھ نہیں بلکہ آئین اور جمہوری نظام کے ساتھ کھڑے ہیں، ذمے دار اور متحد اپوزیشن ہی حکومت کو صحیح ٹریک پر لاسکتی ہے۔