گلشن راوی (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور کے علاقے گلشن راوی میں ایک نجی اسکول کا دسویں جماعت کا طالب علم مبینہ طور پر استاد کے تشدد سے جاں بحق ہو گیا۔
گلشنِ راوی لاہور کے رہائشی بلال کا 16 سالہ بیٹا حنین مقامی نجی اسکول میں دسویں جماعت کا طالب علم تھا۔
حنین کے چچا نے بتایا کہ ٹیچر کامران نے سبق یاد نہ کرنے پر اسے پیٹ میں انتہائی بے دردی کے ساتھ ٹانگیں ماریں جس سے وہ بے ہوش ہو گیا ،اسے اسپتال پہنچایا گیا، مگر وہ جاں بَرنہ ہو سکا۔
نوجوان بیٹے کی موت پرگھرمیں کہرام مچ گیا،ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں انصاف دلایا جائے۔
پولیس نے ٹیچر کامران کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھجواکر تفتیش شروع کر دی ہے۔
وزیرِ تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ،ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں مکمل انصاف کیا جائے گا۔