کراچی (جیوڈیسک) آرٹس کونسل، ادارہ تعلیم و آگاہی، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس اور اوپن سو سائٹی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے بچوں اور اساتذہ کے ادبی میلے کا آغاز آج 20 فروری سے آرٹس کونسل میں ہورہا ہے جو 22 فروری تک جاری رہے گا۔
میلے میں بچوں اور اساتذہ کی تعلیم و تربیت اور تفریح کے حوالے سے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کئی پروگرام اور نشستیں منعقد ہوں گی، تفصیلات کے مطا بق آج آرٹس کونسل میں اساتذہ کی تعلیم، تربیت اور آگاہی کے حوالے سے اساتذہ کا ادبی میلہ منعقد کیا جائیگا، میلے میں اساتذہ میں سکھانے کے معیار کو بہتر بنانے اور درپیش مشکلات سے نمٹنے کے جدید طریقے سکھائے جائیں گے، اساتذہ کے لیے کریٹو رائٹنگ ورکشاپ، آرٹ آف ریڈنگ، جدید میڈیا کا کلاس میں استعمال، ٹیچنگ کے جدید طریقے، اساتذہ کچہری، زبانوں کے مسائل پر گفتگو، لرننگ ورکشاپ اورکتابوں کی رونمائی کے سیشن ہوں گے۔
22 فروری کو بچوں کا ادبی میلہ ہوگا جس میں بچوں کو کھیل ہی کھیل میں بہت کچھ سیکھانے کے حوالے سے تھیٹر، اسٹوری ٹیلینگ، میوزک سیشیز، میرا کراچی موبائل سینما، تصویری کہانیاں سیریز، ملٹی میڈیا، کتابوں کی رونمائی،ریڈنگ و رائٹنگ، بحث و مباحثہ، میجکل پاکستان، ڈیجیٹل اسٹوری، ورکشاپس، پپٹ شواور مختلف تعلیمی وتفریحی سیشینز منعقد کیے گے جس میں بچوں کی تربیت اور ان میں اپنے ملک اور ثقافت کی پہچان کرانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، اس موقع پر کتابوں کے میلے کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ اساتذہ اوربچوں میں زیادہ سے زیادہ پڑھنے کا رحجان بڑھے۔