فیصل آباد : آقائے دو عالم کی آفاقی تعلیمات سے پر امن معاشرے کی تشکیل سے پرچم اسلام پوری دنیا میں سربلند ہو گیا ۔حضور اکرم ۖکی آمد سے دنیا سے جہالت اور مایوسیوں کے تمام کدے بت پاش پاش ہو گئے ہر طرف امن و محبت اور سلامتی کی شمعیں روشن ہو گئیں۔
مساوات ‘ عدل و انصاف کا بول بالا ہو گیا ۔ رحمتوں اور برکتوں کا نزول شروع ہو گیا ۔دشمن بھائی بھائی بن گئے ۔ ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائیر سکینڈری سکول سمن آباد میں سالانہ تقریب بعنوان ”حضورۖ کی ولادت باسعادت” میں پرنسپل حافظ عبدالناصر نے کیا۔
اس موقع پر سید آفتاب عظیم بخاری’ حافظ امجد رسول آصف’ عامر شہزاد’ قاری شفیع’ حافظ غلام مرتضیٰ’ رضا انور’ ڈاکٹر اکرم اور دیگر سٹاف ‘ طلباء نے بھی شرکت کی۔ حافظ امجد رسول آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماہ ِ ربیع الاول ایمان کی موسم بہار ہے ۔یہ آمدِ رسول ۖ کا مہینہ ہے جس کی آمد پر ہر چہرہ خوشی سے کھل اٹھتا ہے۔
ربیع الاول کی آمد آمد ہے مگر افسوس کہ ہم سیرت النبیۖ کو اپنانے کی کوشش نہیں کرتے بلکہ زبانی جمع خرچ تو بہت کرتے ہیں مگر جب قرآن و سنت پر عمل کی باری آتی ہے تو پھر سب کچھ بھول جاتے ہیں ہمیں اپنے تمام اعمال میں قرآن و سنت پر عمل کرنا ہو گااسی میں ہم سب کی فلاح و نجات کا راز اسی میں مضمر ہے۔ ‘اس ماہ مقدس میں زیادہ سے زیادہ درودوسلام اور اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے علاوہ روحانی محفلوںکا انعقاد کرنا چاہیے یہ نیکیوں کا موسم بہار ہے۔
نبی آخر الزماںۖکی سیرت کو اپنائے بغیر سچا مسلمان بننے کا تصور نہیں کیا جا سکتا،اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ محبوبِ ذاتِ کبریا نبی کریم ۖ کے بتائے ہوئے راستے پر چلا جائے۔
محمد عامر شہزاد کا کہنا تھا کہ اسلام امن اور رواداری کا درس دیتا ہے ‘مسلمانوں کو اتفاق و اتحاد اخوت و محبت کو پروان چڑھانا چاہیے اگر ہم آپس میں ہی الجھتے رہے تو دنیامیں ذلیل و خوار ہی رہیں گے آپس کے اختلافات کو ختم کرکے معاشرے میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔
بعدازاں ربیع الاوّل کے حوالہ سے نعت خوانی’ تقریر اور پینٹنگ کا مقابلہ بھی کیا، اور آخر میں تمام پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔