کراچی (جیوڈیسک) کراچی ورلڈ ہاکی لیگ میں ناقص کارکردگی کے باوجود کوچ حنیف خان کا کہنا ہے کہ نہ تو ٹیم مینجمنٹ سے کوئی استعفی دے گا اور نہ ہی ٹیم میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ ورلڈ ہاکی لیگ میں فاروڈ لائن نے گول کرنے کے مواقع ضائع کیے جو شکست کی وجہ بنے۔
ملائیشیا میں ہونیوالی ورلڈ ہاکی لیگ میں آٹھ ٹیموں میں ساتویں پوزیشن حاصل کرنے کے بعد قومی ہاکی ٹیم کے کوچ حنیف خان ، ٹرینر عدنان ذاکر ، کھلاڑی عبدالحسیم خان اور عباس حیدر کراچی پہنچ گئے۔ زرائع سے گفتگو میں کوچ حنیف خان نے تسلیم کیا کہ ٹیم نے ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا ۔
تاہم ٹیم مینجمنٹ اور ٹیم میں کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں اور آسرا دیا کہ یہی ٹیم ایشیا کپ جیت کر ورلڈ کپ تک رسائی میں کامیاب رہے گی۔ ورلڈ ہاکی لیگ میں ورلڈ کپ تک رسائی کا موقع گنوانے کے بعد اب گرین شرٹس کے بعد آئندہ سال ہالینڈ میں ہونیوالے ورلڈ کپ تک رسائی کا واحد ذریعہ ایشیا کپ میں ٹائٹل کامیابی حاصل کرنا ہو گا۔