برسبین (جیوڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو اگلا میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا ورنہ وہ واپسی کی فلائٹ کے لیے تیار رہے۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ یکم مارچ کو زمبابوے کے خلاف قومی ٹیم کا میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ میچ اب یا کبھی نہیں والا معاملہ ہے، ٹیم کو ان لوگوں کے جذبات کے بارے میں سوچنا چاہیے جو میدان میں اپنے ہیروز کی حوصلہ افزائی کے لئے آتے ہیں اور ملک میں ٹی وی پر انہیں دیکھتے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ اور کپتان مصباح الحق پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 5 ریگولر بولرز کے ساتھ نہ کھیلنا حیران کن ہے اور یہی وجہ ہے کہ بولنگ میں قومی کرکٹ ٹیم انتہائی کمزور دکھائی دے رہی ہے۔
سابق فاسٹ بولرکا کہنا تھا کہ بولر کی جگہ اضافی بیٹسمین کھلا کر بھی پاکستانی ٹیم ہدف عبور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے جو کہ بیٹنگ لائن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے لہٰذا اس حکمت عملی کو فوراً تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد ناصر جمشید کو ان کی جگہ کھلانا سمجھ سے بالا تر ہے جب کہ ان کے مقابلے میں ڈومیسٹک میچز میں دوسرے بیٹسمینوں نے اچھی پرفارمنس دی تھی اور جو بلے بازانگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں کچھ بھی نہ کرسکا اسے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیم الیون کا حصہ بنانا تعجب خیز ہے۔