شارجہ (جیوڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعے سے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے، یہ سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے کیلئے اسپورٹس سائیکولاجسٹ کی خدمات حاصل کی ہیں۔
پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف آخری بار سیریز 17 سال قبل جیتی تھی۔ 2002 میں پاکستان نے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر 1-2 سے شکست دی تھی۔
دونوں ملکوں کے درمیان آخری سیریز جنوری2017 میں ہوئی تھی جس میں آسٹریلیا نے 1-4 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا اب تک پاکستان سے کوئی سیریز نہیں ہارا۔
2009 میں آسٹریلیا نے تین دو،2012 میں دو ایک اور2014 میں تین صفر سے پاکستان کو شکست دی۔ پاکستان کے ریگولر کپتان سرفراز احمد سمیت 6 کھلاڑی سیریز میں آرام کررہے ہیں۔
شعیب ملک کو ایسے وقت میں کپتانی ملی ہے جب ان کی کارکردگی اور فارم پر بہت سارے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ دو ماہ قبل جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں پاکستان کو 2-3 سے شکست ہوئی تھی۔ توقع ہے کہ بائیں ہاتھ کے اوپنر شان مسعود میچ میں اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کریں گے جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو سیریز میں کردار اہم ہوگا۔
شعیب ملک کا کہنا ہے کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہوگئے تھے کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ ان کی مشاورت سے کیا گیا ہے وہ آرام کے مستحق ہیں آسٹریلوی ٹیم میں ہم کسی کھلاڑی سے پریشان نہیں ہیں کسی ایک کھلاڑی کو فوکس نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو آسٹریلیا کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سیریز میں سرفراز احمد کے علاوہ بابراعظم، شاداب خان، حسن علی، شاہین آفریدی اور فخر زمان کو آرام دیا گیا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر متحدہ عرب امارات پہنچی ہے۔
شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ سے قبل پاکستانی ٹیم نے 10 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے، کھلاڑیوں سے کہا جارہا ہے کہ وہ اس سیریز پر توجہ مرکوز رکھیں لیکن کوئی بھی کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم میں واپس آسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کبھی آسان نہیں ہوتی، موجودہ ٹیم حال ہی میں بھارت سے سیریز جیت کر آئی ہے، سلیکشن کمیٹی نے نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کیلئے زبردست فیصلہ کیا ہے، جو بھی کھلاڑی آسٹریلیا کی سیریز میں کارکردگی دکھائے گا اسے ورلڈ کپ کا ٹکٹ مل سکتا ہے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کو دنیا میں سب سے زیادہ 236 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان ان میں سے 124 میچز کھیل چکا ہے۔
پاکستان نے شارجہ میں 83 ون ڈے جیتے ہیں اور40 میں اسے شکست ہوئی ہے۔ یہاں کی پچ ڈرائی ہے اور بارش کا کوئی چانس نہیں ہے اس لیے پچ پر اسپنرز کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔
توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم کی اننگز امام الحق اور شان مسعود شروع کریں گے۔2017 کے بعد عمر اکمل کی پاکستانی ٹیم میں واپسی ہو گی۔
حارث سہیل، شعیب ملک، وکٹ کیپر محمد رضوان مڈل آرڈر بیٹنگ کو استحکام دیں گے۔ آل راؤنڈرز میں عماد وسیم، فہیم اشرف شامل ہوں گے جبکہ فاسٹ بولنگ میں محمد عامر اور عثمان شنواری موجود ہیں۔