چھوٹی ٹیموں کو بھی ٹیسٹ کھیلنے کا موقع ملے گا، آئی سی سی

 ICC

ICC

دبئی (جیوڈیسک) آئی سی سی نے چھوٹی ٹیموں کے ٹیسٹ میچ کھیلنے کی راہ متعین کر دی، ہر چار برس بعد انٹرکانٹی نینٹل کپ کی فاتح سائیڈ 10 رینکڈ ٹیم سے ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر 2 ٹیسٹ کھیلے گی۔ شکست کی صورت میں بھی فل ممبر سائیڈ کا اسٹیٹس متاثر نہیں ہو گا، بھارت میں 2016 میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی کا فارمیٹ بھی حالیہ ایونٹ جیسا ہی رکھنے پر اتفاق ہو گیا، کرکٹ کمیٹی میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچز کو شامل کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹیو بورڈ کا دو روزہ اجلاس دبئی میں اختتام پذیر ہو گیا، اس میں 8 فروری کو سنگاپور میں منظور کی گئی قراردادوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی،اس موقع پر نئے فنانشل ماڈل کے تحت فیوچر ٹور پروگرام کو 2023 تک توسیع دے دی گئی۔ اس بارے میں چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ایف ٹی پی سے ممبر ممالک کو مستقبل کے حوالے سے اپنی منصوبہ بندی کا موقع میسر آتا ہے، ابھی ایک مناسب اور متوازن کیلنڈر کیلیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایسوسی ایٹ ٹیموں کیلیے ٹیسٹ میچ کھیلنے کا راستہ بھی نکال لیا، اس سلسلے میں ہر چار برس بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیلنج کے نام پر انٹرکانٹی نینٹل ٹیم کی فاتح اور رینکنگ میں دسویں نمبر پر موجود ٹیم کے درمیان ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر 2 پانچ روزہ میچز کھیلے جائیں گے، پہلا ٹیسٹ چیلنج 2017 اور دوسرا 2022 میں ہو گا۔ ان میچز میں اگر فل ممبر ٹیم کو شکست بھی ہوگئی تب بھی اس کے آئی سی سی اسٹیٹس میں کوئی فرق نہیں آئے گا اور نہ ہی وہ ووٹ کے حق سے محروم ہو گی۔