فنی خرابی دور، پی آئی اے کا طیارہ تیسرے روز لندن سے لاہور کیلئے روانہ

PIA

PIA

لندن (جیوڈیسک) لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر کھڑا پی آئی اے کا طیارہ فنی خرابی دور کئے جانے کے بعد آخر کار تیسرے روز لاہور کے لیے روانہ ہو گیا، پرواز دوپہر دو بجے لاہور پہنچے گی، اس دوران مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 758 نے بدھ کی صبح آٹھ بجکر پچاس منٹ پر لاہور پہنچنا تھا تاہم رات دیر گئے تک بھی طیارے کی فنی خرابی دور نہیں کی جا سکی تھی جس پر تین روز سے ہیتھرو ایئر پورٹ پر پھنسے مسافروں نے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا اور دوران احتجاج عملے کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے کاؤنٹر پر قبضہ کر لیا۔

مسافروں کو پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا،اس دوران چار مسافروں کی طبیعت بھی خراب ہو گئی جس کے بعد طیارے کی فنی خرابی تیسرے روز آخر کار دور کر دی گئی اور طیارے کو لاہور کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے جو کہ دوپہر 2 بجے لینڈ کرے گی، طیارے میں 146 مسافر سوار ہیں۔