تحریر : عاصمہ عزیز‘راولپنڈی کسی بھی ملک کی زبان اس کی پہچان ہوتی ہے اور ملک و قوم کی ثقافت اور معاشرت کو اجاگر کرنے میں زبان اہم کردار ادا کرتی ہے۔اردو پاکستان کی قومی زبان ہے جو بہترین ادب سے مالامال ہے۔ بات چاہے شاعری کی ہو یا فکشن ونان فکشن کی اردوادب میں باکمال ادبی شخصیات پائی جاتی ہیں۔ ماضی میں اردو زبان کی ترقی و ترویج کےلئے بہت سی تحریکیں بھی چلائیں گئیں لیکن موجودہ دور پر نظر ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ لوگوں کے لئے اردو ادب ثانوی حیثیت اختیار کر گیاہے۔اور چند لوگ جو اردو ادب کو پڑھنے کا شغف رکھتے ہیں آج کے اس گہماگہمی کے دور میںانکے پاس اتنا وقت نہیں کہ لائبریروں میں جا کر اپنی پسندیدہ کتب کی چھانٹ پھٹک کر سکیں۔
لیکن آج کے اس انٹرنیٹ اور سمارٹ فونز کے دور میں ای بکس (الیکٹرانک بکس) نے اس پریشانی سے ہمیں نجات دلا دی ہے۔ الیکٹرانک بکس سے مراد وہ کتب ہیں جنھیں با آسانی دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر کمپیوٹر اور سمارٹ فونز کے ذریعے پڑھا جا سکتا ہے۔جسے ہم ای ریڈنگ کا نام دیتے ہیں۔اردو ادب کو لوگوں میں عام کرنے کے لئے ویسے تو مختلف ویب سائٹس پر ہمیں اسکین کی ہوئی کتب دستیاب ہیں جنھیں پڑھتے ہوئے ہمیں خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
Computers and Smartphones
اس دشواری سے چھٹکارا پانے کے لئے حال ہی میں اینڈرائیڈ ایپ”کتاب“کا آغاز کیا گیا۔” کتاب“ پہلا اینڈرائیڈ ای ریڈر اور ای پبلشر ایپ ہے جس نے اردو ادب اور ٹیکنالوجی کو ہم آہنگ کیااور جو کے عالمی رائج شدہ ای ایپ فارمیٹ پر مشتمل ہے۔”کتاب “ سے نہ صرف پڑھنے والے مستفید ہوسکتے ہیں بلکہ یہ مصنفین کےلئے بھی ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جس سے وہ جملہ حقوق کی مکمل پاسداری کیساتھ اپنی کتب لوگوں تک پہنچاسکتے ہیں۔
”کتاب“کی آن لائن لائبریری بالکل مفت کلاسیکی اور آزاد کتب پر مشتمل ہے جہاں سے ہم متعلقہ موضوع میں جا کر اپنی پسند کی کتاب ڈاﺅن لوڈ کر کے آف لائن بھی اس کا مطالعہ بآسانی کر سکتے ہیں۔اسکے علاوہ ”کتاب“بنانے والوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی آن لائن لائبریری کو دن بہ دن بڑھا رہے ہیں اور اس کے لئے زیادہ سے زیادہ مصنفین اور ناشرین سے رابطہ کیا جا رہاہے ۔مزید یہ کہ ”کتاب“ کے آنے والے ورژن میں مصنفین اپنی ای بکس کو مکمل ڈجیٹل رائٹ مینجمنٹ سسٹم کیساتھ اپنی کتب کو فروخت کرسکیں گے۔
Book Online Library
ویسے تو ہمیں اردو ادب کے حوالے سے انٹرنیٹ اور اینڈرائیڈ پر بہت سی کتب مل سکتی ہیں لیکن ”کتاب“ کی چند خصوصیات ہیں جو اسے دوسروں سے ممتاز بناتی ہیں۔ ”کتاب“میں ہم رسم الخط اور پس منظر کو اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کر سکتے ہیں۔ رات کو مطالعہ کرنے کے شوقین افراد اب انداز شب کے ذریعے کمرے کی روشنی بند کر کے آنکھوں کو تکلیف دیے بغیر بآسانی پڑھ سکتے ہیں۔
فہرست مضامین میں سے کسی بھی باب پر بآسانی ایک ٹیپ سے جایا جاسکتا ہے۔اس کے علاوہ آخری بار ایپ کھولتے وقت جو کتاب جہاں تک پڑھی تھی دوبارہ ایپ کھولنے پر وہیں سے شروع کی جاسکتی ہے۔ دوسری ایپس کے برعکس ”کتاب“ میں سوشل میڈیا شیئرنگ کا نیا انداز ہے ۔جس کے ذریعے ہم اپنی پسند کی عبارت منتخب کر کے اپنے احباب کے ساتھ تصویری شکل میں شیئر کرسکتے ہیں۔
Books
اردو ادب کے ساتھ ساتھ انگریزی ادب کے شوقین افراد نہ صرف انگریزی کتب کا مطالعہ کرسکتے ہیں بلکہ انٹرفیس کی زبان بھی انگریزی میں منتخب کی جاسکتی ہے۔ بہترین ادب کا مطالعہ معاشرے کے افراد کی اخلاقی اقدار کو سنوارنے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔”کتاب“کی ای پبلشنگ اور ای ریڈنگ کے ذریعے اردو ادب کو لوگوں میں عام کرنے اور اسکی حفاظت کی کاوش یقینا قابل ستائش ہے اور اس کے ذریعے ڈیجیٹل سطح پر اردو زبان کی ترقی کے نئے در وا ہونگے۔