دانتوں کو موتیوں جیسا چمکدار بنانا اب بہت آسان

Teeth

Teeth

سفید چمکتے دانت شخصیت میں ایک نکھار پیدا کرتے ہیں۔ ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بات کرے، تو خوشبو آئے۔ مسکرائے، تو موتی جھڑیں، لیکن اس جدید دور میں جہاں کھانے کی عام چیزیں دانتوں کو سب سے زیادہ خراب کررہی ہیں، وہاں ایسے دانتوں کی خواہش پوری کرنا بڑا مشکل کام ہے۔ اس لیے آپ کو ایسی پانچ مفید غذاؤں کے بارے میں بتاتے ہیں، جو دانتوں کو چمکانے کے لیے بہترین ہیں: پھول گوبھی پھول گوبھی اس صورت میں دانتوں کو چمکانے کا کام دے سکتی ہے جب اسے کچا کھایا جائے۔ یہ آپ کے دانت کی بالائی سطح سے داغوں کو مٹانے کا کام کرتی ہے۔ جتنا آپ گوبھی کو چبائیں گے، یہ آپ کے لعاب سے مل کر دانتوں کے داغ مٹانے کا کام اتنے اچھے طریقے سے انجام دے گی۔

اسٹرابیری اسٹرابیری میں میلک ایسڈز ہوتے ہیں، جو نشاستے کو پٹھوں کے لیے توانائی میں بدلتے ہیں۔ دانتوں کی اچھی صحت کے لیے جسم میں ان ایسڈز کی درست مقدار ضروری ہے کیونکہ یہ دانتوں کی سطح پر موجود داغوں کو مٹا سکتے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کو استعمال کرنے کے کئی طریقے ہیں جیسا کہ اسٹرابیریز کو پیس کر ان میں بیکنگ سوڈا ملا کر ایک پیسٹ بنائیں اور دانت اس سے برش کریں اور اس کے بعد ماؤتھ واش سے منہ صاف کرلیں۔ اس سے دانت کافی مضبوط بھی ہوں گے اور چمکدار بھی۔ اگر آپ کو اسٹرابیری پسند نہیں، تو آپ سیب، شفتالو، چیری، کیلے، آڑو یا لیچی کے ساتھ ایسا کر سکتے ہیں۔ پنیر اور دہی چمکتی مسکراہٹ کے لیے اپنی روزمرہ خوراک میں دودھ کی مصنوعات کا استعمال بڑھائیں۔ پھول گوبھی کی طرح پنیر اور دہی جیسی چیزیں آپ کے منہ میں ایسا لعاب بڑھانے کا سبب بنتی ہیں، جو دانتوں پر موجود داغوں کو مٹانے میں مددگار ہوتی ہیں۔

خشک میوے بیج اور خشک میوے دانتوں کی بالائی سطح پر موجود کسی بھی داغ کو مٹانے کا کام کرتے ہیں، جیسا کہ سورج مکھی کے بیج، بادام، اخروٹ اور کاجو۔ یہ دانتوں کے سفید رنگ کو چمکاتے بھی ہیں۔ انناس انناس میں بروملین ہوتا ہے، جو ایک خامرہ ہے، جو دانت کی سطح پر موجود ان لحمیات کو ختم کرتا ہے ،جو داغ اور خراب رنگ کا سبب بنتے ہیں، پھر انناس کے جو اضافی فائدے ہیں، وہ الگ ہیں۔ پیاز گو کہ ہم میں سے زیادہ تر افراد منہ کی بدبو کی وجہ سے اسے کھانا پسند نہیں کریں گے، لیکن پیاز میں ایسے سلفر اجزا شامل ہوتے ہیں، جو دانتوں کی سطح پر پلاک کو بننے سے روکتے ہیں اور انہیں چمکاتے بھی ہیں۔ بھنی ہوئی پیاز ایسا کام نہیں کر سکتی، اس لیے آپ کو لازماً اسے کچا ہی کھانا ہوگا۔

اب ذرا دانت خراب کرنے والی ایک چیز کے بارے میں آپ کو بتاتے چلیں کیونکہ مندرجہ بالا چیزوں کے استعمال سے جو فوائد حاصل ہوں گے، ان کو برقرار رکھنے کے لیے ان سے بچنا ضروری ہے، تو کافی اور چائے کے شوقین حضرات سے معذرت، لیکن کیفین آپ کے دانتوں کو سخت نقصان پہنچاتی ہے۔ انہیں تیزابی مشروبات کہتے ہیں، جو منہ میں پی ایچ کے توازن کو خراب کرتی ہیں اور دانتوں کی بالائی چمکدار سطح کو خراب کرتی ہیں۔ سوڈا یعنی کولڈ ڈرنکس ،تو خاص طور پر بہت ہی خطرناک ہیں۔ ان میں بہت زیادہ شکر ہوتی ہیں اور اس میں موجود گیس دانتوں کو کیڑا لگنے کی حد تک خراب کر سکتی ہے۔