تہران: حکومت مخالف پوسٹ پر ایرانی نوجوانوں کو سزا

Facebook

Facebook

تہران (جیوڈیسک) ایران کی ایک انقلابی عدالت نے فیس بک پر حکومت مخالف پوسٹ کرنے پر آٹھ نوجوانوں کو مجموعی طور پر 127 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

ان نوجوانوں کو قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے، حکومت مخالف پروپیگنڈا اور مذہبی اقدار اور ایرانی رہنمائوں کی بے عزتی کرنے کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔ رپورٹ میں یہ ضرور بتایا گیا تھا کہ سزا یافتہ نوجوانوں کا تعلق تہران، یزد، شیراز، آبادان اور کرمان کے علاقوں سے تھا،ان نوجوانوں کو اس سزا کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔

ایران میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی جن میں ٹوئٹر اور فیس بک شامل ہیں، روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جاتی ہے تاکہ ان میں سے حکومت اور اسلام مخالف ایجنڈے کی نشاندہی کی جا سکے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ سماجی، ثقافتی اور میڈیا ایشوز پر زیادہ برداشت کو عام کریں گے اور اسی وعدے کی مدد سے وہ گزشتہ برس کے انتخابات میں قدامت پسندوں کو شکست دے کر اقتدار کی مسند پر پہنچے تھے۔ مگر اس معاملے میں ابھی تک ان کی کوئی بھی کوشش کارگر نہیں ہوئی ہے۔