واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ ایران اگر جوہری بم بنانے کا فیصلہ کرتا ہے تو اس کے پاس دوماہ میں جوہری بم کی تیاری کے لیے درکار ایندھن پیدا کرنے کی صلاحیت موجودہے۔
جان کیری نے سینیٹ کی ایک کمیٹی کے روبرو کہا کہ میرے خیال میں ایران اگر ایک جوہری ہتھیار بنانے کا فیصلہ کرتا ہے تو اس کے لیے درکار ایندھن (افزودہ یورینیم) کی تیاری میں اس کو صرف دوماہ لگیں گے۔
ادھر ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری مذاکرات میں ملت ایران کے مفادات اور اسلامی انقلاب کے اہداف کے تحفظ کے حوالے سے حکومت ایران کے موقف اور پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئیگی۔
دریں اثنا ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ بیلسٹک میزائل اور دفاعی سسٹم کو کبھی چھ ملکی مذاکراتی ایجنڈے میں شامل نہیں کرینگے۔