اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے 14 اگست کے آزادی مارچ کیلئے تیاریاں تیز کر دیں ہیں، مارچ کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دینے کیلئے آج بنی گالہ میں عمران خان کی رہائشگاہ پر منعقد ہونیوالی میٹنگز میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
عمران خان اپنا برطانیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد گزشتہ روز واپس اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ، وہ آج لانگ مارچ کے حوالے سے اہم فیصلوں کے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیں گے جس کے بعد افطار ڈنر اور پھر کور کمیٹی کا اجلاس ہو گا۔
تحریک انصاف کے ذرائع نے کہ 14 اگست کو ہر حال میں انتخابی اصلاحات کیلئے لانگ مارچ ہوگا ، حکومت لاکھ کوششیں کریں تحریک انصاف کے لاکھوں کارکن ہر حال میں اسلام آباد پہنچیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کی خیبر پختونخوا اور پنجاب کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت اور دونوں صوبوں میں اضلاع سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کے حوالے سے میٹنگ کا سلسلہ مکمل ہو گیا ہے۔
اراکین اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں اور اضلاع سے لاکھوں پارٹی کارکنوں کو لانگ مارچ کیلئے تیار کر لیں۔ ذرائع نے کہا کہ عمران کان نے اسلام آباد میں بھی پارٹی رہنمائوں اسد عمر ، نفیسہ خٹک ، عامر مغل ودیگر پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دیں ہیں جو پارٹی کارکنوں میں لانگ مارچ کے حوالے سے اگاہی مہم چلائیں گے۔