جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر) وراثت انتقال بروقت مکمل کر کے لینڈ ریکارڈ سنٹر میں بھیج کر لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کر دی گئی ہیں، اب کسی بھی سائل کو اراضی خریدنے اور فروخت کرنے میں کسی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، جب سے تحصیلدار شیخ جمیل احمد نے چارج سنبھالا ہے، کرپشن اور رشوت نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، ہم شیخ جمیل احمد کے بطور تحصیلدار جہلم تعیناتی کو جہلم کی عوام کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے عوامی سروے کے دوران تحصیل آفس اور کمپیوٹر ائزڈ اراضی سنٹر میں آئے سائلین نے اپنے اپنے اظہار خیال میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب سے شیخ جمیل احمد جہلم تعینات ہوئے ہیں تب سے عوامی مسائل میں کافی حد تک کمی واقع ہوگئی ہے، اب ایک نائب قاصد سے لیکرپٹواری، گرداورحتی کہ تحصیل آفس کا عملہ تک نہ صرف لوگوں سے نہایت خوش اسلوبی سے پیش آتے ہیں بلکہ انہیں درپیش مشکلات کے حل کیلئے ممکنہ حد تک ازالہ بھی کیا جاتا ہے، لینڈ ریکارڈ سنٹر سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ان کی تعیناتی کے دوران خصوصاً وراثتی انتقالات بروقت بھیجے جاتے ہیں، جبکہ دیگر ٹیکسوں کی مد میں بھی ریکارڈ ریونیو قومی خزانے میں اکٹھا ہوا۔
یاد رہے کہ ان سے قبل تحصیلدار اور پٹواریوں کے درمیان آئے روز شکایات کے بعد احتجاج ہوا کرتے تھے مگر جب سے شیخ جمیل احمد نے چارج سنبھال کر کام شروع کیا، ان کے پٹواریوں کے ساتھ بہترین حسن سلوک کی وجہ سے کوئی احتجاج نہ کیا گیا، اہل جہلم نے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ محکمہ مال میں ان جیسے ایماندار افسران کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، ایسے سرکاری ملازمین ہی دراصل ملک و قوم کے ہیرو ہوتے ہیں۔