کراچی (جیوڈیسک) دنیا کے 12 ممالک میں موبائل فون سروس فراہم کرنے والی کمپنی ٹیلی نار رواں برس میانمار میں بھی اپنی سروس کا آغاز کردے گی۔
ٹیلی نار کے تحت کراچی میں صحافیوں کیلئے منعقدہ تھری جی ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی ورکشاپ میں ٹیلی نار کے ریجنل منیجر عاطف فاروقی اور منیجر کارپوریٹ کمیونیکیشن فاروق نیاز نے بتایا کہ ٹیلی نار رواں برس کی تیسری سہ ماہی کے دورا ن میانمار میں موبائل فون سروس متعارف کرادے گی۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے مطابق ٹیلی نار کا ہدف پانچ برس میں میانمار کی 90 فیصد آبادی کو نیٹ ورک کی سہولت فراہم کرنا ہے،میانمار میں صارفین کو ٹیلی نار کی جانب سے ٹو جی کے ساتھ ساتھ تھری جی کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔
تھر ی جی ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہوئے ٹیلی نار کے ریجنل منیجر عاطف فاروقی نے بتا یا کہ سیلولر کمپنیوں نے نئے ٹاورز کی تنصیب کیلئے ایک پلان مرتب کیا ہے تاکہ سگنلز کے مسائل پیدانہ ہو سکیں۔
ٹیلی نار کے منیجر کارپوریٹ کمیونیکیشن فاروق نیازنے کہا کہ تھری جی متعارف کئے جانے کے ایک ماہ بعد ہی براڈ بینڈ کسٹمرز اورٹیکنالوجی کے استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ا ن کاکہنا تھا کہ جس تیزی کے ساتھ براڈبینڈ کا استعمال بڑھ رہا ہے، قوی امید ہے۔
کہ سال 2020 تک موبائل پر براڈ بینڈ استعمال کرنے والوں کی تعداد 35 سے 40 فیصد تک ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھری جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے 3 مرحلے ترتیب دیے گئے۔
اور تیسرے مرحلے میں 4 سال کی مدت میں تھری جی ٹیکنالوجی کو ملک بھر میں تحصیل ہیڈکوارٹرز کی سطح تک توسیع دیدی جائے گی۔ فاروق نیازنے بتایا کہ تھری جی ٹیکنالوجی کے ذریعے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے بچوں کو اسمارٹ فون کے ذریعہ باقاعدہ کلاسیں قائم کر کے تعلیم بھی دی جاسکتی ہے۔