لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں مختلف قومی شاہراہوں پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے اور کالا شاہ کاکو انٹر چینج کے قریب دھند کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
شدید دھند کے باعث موٹروے پر حد نگاہ کم ہوگئی جب کہ موٹروے پولیس نے شہریوں کو فوگ لائٹس کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
کالا شاہ کاکو انٹرچینج کے قریب کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ملک بھر میں موسم سرما کے باعث کہیں دھند اور کہیں درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے سرد مقام اسکردو رہا جہاں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔