فلسطین (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری غزہ میں جنگ بندی پر مذاکرات کرنے کے لئے واپس مصر پہنچ گئے، جان کیری کا کہنا ہے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔
قاہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کے لئے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، جان کیری کا کہنا تھا انہوں نے فلسطین کے صدر محمود عباس،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ فلپ حاموند نے رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے غزہ میں معصوم انسانی جانوں کے نقصان پر برطانوی عوام اور حکومت کی طرف سے محمود عباس کو تعزیت کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کو ممکن بنانے کے لئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری، فلسطینی صدر محمود عباس اور مصر حکام کے ساتھ مل کر کام کریں گے، دوسری طرف حماس کے رہنما خالد مشعل نے عارضی جنگ بندی کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ مذاکرات میں مطالبات کی منظوری تک اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔