پراگ (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹینس کی سپر سٹار کھلاڑی پیٹرا کویتووا پر چاقو سے حملہ ہوا ہے۔ یہ واقعہ ان کے اپارٹمنٹ میں پیش آیا جہاں وہ رہائش پذیر اور حملے کے وقت موجود تھیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق ومبلڈن چیمپئن کو واقعے کے فوری بعد ہسپتال لے جایا گیا جہاں انھیں طبی امداد دی گئی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق پیٹرا کویتووا کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انھیں کوئی گہرے زخم نہیں آئے۔
حملہ آور نے چاقو سے پیٹرا کویتووا کے بائیں ہاتھ کو نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ کویتووا اسی ہاتھ سے کھیلتی ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر ٹینس کی خواتین کھلاڑیوں میں کویتووا کا نمبر 11واں ہے۔ وہ اب تک 19 ٹائٹل جیت چکی ہیں جس میں 2011ء اور 2014ء کے گرینڈ سلیم ٹائٹل بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 سالہ پیٹرا کویتووا پر یہ حملہ جمہوریہ چیک کے قصبے پروستیجوو میں اس وقت کیا گیا جب وہ اپنے گھر پر تھی۔ ایک نامعلوم حملہ آور نے چاقو کا وار کر کے ان کے بائیں ہاتھ کو زخمی کر دیا۔
حملے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں پیٹرا کویتووا نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔