ٹینس رینکنگ؛ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ ٹاپ 5 میں شامل

Symuna Halyp

Symuna Halyp

پیرس (جیوڈیسک) ٹینس کی نئی عالمی رینکنگ میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹاپ 5 میں شامل ہوگئیں۔ دو درجے ترقی نے انھیں پانچویں پوزیشن کا حقدار بنوادیا، سرینا ولیمز بدستور پہلے، لینا دوسرے، اگنیسکا ریڈوانسکا تیسرے اور وکٹوریا آذرنیکا چوتھے نمبروں پر براجمان ہیں، مینز سنگلز میں راجرفیڈرر نے ترقی کے 3 زینے طے کرکے پانچویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو جاری ہونے والی نئی ویمنز سنگلز ٹینس رینکنگ میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کیریئر میں پہلی مرتبہ دنیا کی پانچ صف اول پلیئرز میں شامل ہوگئیں، ابتدائی چار پوزیشنز میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی اور ان پر بالترتیب سرینا ولیمز، لینا، اگنیسکا ریڈوانسکا اور وکٹوریا آذرنیکا براجمان ہیں، سربیا کی جیلینا جینکووچ بھی دو قدم آگے بڑھکر چھٹے نمبر پر پہنچ گئیں، البتہ روسی پلیئر ماریا شراپووا اتنے ہی درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلی گئیں۔

جمہوریہ چیک کی سابق ومبلڈن چیمپئن پیٹراکیوٹوا ایک درجہ ترقی پر آٹھویں نمبر پر آگئیں، جرمن کھلاڑی اینجلیک کیربر کو تین درجے تنزلی نے 9 ویں نمبر پر پہنچادیا، سارا ایرانی بدستور ٹاپ 10 کی آخری شریک بنی ہوئی ہیں، انڈین ویلز میںٹائٹل جیتنے والی اطالوی پلیئر فلاویا پنیٹا نے ایک ہی جست میں 9 درجے کی چھلانگ لگاکر 12 ویں پوزیشن ہتھیالی۔دوسری جانب مینز عالمی ٹینس رینکنگ میں بھی سوئس اسٹار راجرفیڈرر نئے سیزن میں پہلی مرتبہ پانچویں پوزیشن پر آگئے، انھیں تین درجے ترقی نے دوبارہ عروج کی جانب گامزن کیا، نڈال پہلے، جوکووک دوسرے، اسٹینسلس واورنیکا تیسرے اور ڈیوڈ فیرر چوتھے نمبروں پر پہلے کی طرح موجود ہیں، اینڈی مرے نے بھی چھٹی پوزیشن پر قدم مضبوطی سے جمائے رکھے، جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ 2 درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر آگئے، تین درجے ترقی نے امریکا کے دراز قامت پلیئر جون اسنر کو ٹاپ 10 میں آخری پوزیشن کا حقدار بنوادیا۔