خطہ میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے، سردار یعقوب

Sardar Yaqoob

Sardar Yaqoob

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ریاست کی برجیس طاہر سے ملاقات، جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا۔ پاکستان کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ سردار محمد یعقوب خان نے منگل کو وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان میں برجیس طاہر سے ملاقات کی اور کشمیر میں جاری ومجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

سردار محمد یعقوب خان نے برجیس طاہر سے درخواست کی کہ آزاد کشمیر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔ ادھر راولا کوٹ کی وارڈ تراڑ ترنی سے تعلق رکھنے والے ممتاز سیاسی و سماجی رہنما عبدالرزاق تنولی نے سردار محمد یعقوب خان سے ملاقات کی اور اپنے خاندان سمیت پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے صدر سردار محمد یعقوب خان اور وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں فرزانہ یعقوب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تعمیر و ترقی کے کاموں سے متاثر ہو کر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔