لندن (جیوڈیسک) برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے کہا ہے کہ ویسٹ منسٹر کے پل پر دہشتگردی کا واقعہ آزاد لوگوں کے خلاف حملہ تھا لیکن دہشت گرد جان لیں ہم ان سے نہیں ڈرتے اور وہ ہمیں کبھی شکست نہیں دے سکتے۔
برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے پارلیمنٹ میں لندن میں ہونے والے دہشت گرد واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حملہ آور برطانوی شہری تھاجس نے پہلے گاڑی عوام پر چڑھا کر متعدد افراد کو زخمی کر دیا۔ اس کے بعد اس نے پولیس افسر پر چاقو سے حملہ کر کے پارلیمنٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن حملے میں ہلاک ہونے والے پولیس افسر نے اس کی کوشش ناکام بنا دی۔ حملے میں زخمی ہونے والوں میں غیر ملکیوں سمیت 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز کا حملہ پوری دنیا میں بسنے والے آزاد عوام پر حملہ تھا۔ دہشت گرد جان لیں ہم ان سے نہیں ڈرتے اور وہ ہمیں کبھی شکست نہیں دے سکتے دہشت گردی کا بہترین جواب معمولات زندگی کی بحالی ہے۔
تھریسامے کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کی 4 ٹیمیں واقعے کی تحقیقات کررہی ہیں اب تک کی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کی واردات اس کا انفراد ی فعل تھا کچھ سال پہلے ایم آئی 5 نے حملے میں ملوث شخص سے تفتیش کی تھی۔ حملے کے بعد فی الحال مزید کسی حملے کا خدشہ نہیں تاہم کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے آج لندن میں سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔
دریں اثناء لندن حملے کی تفتیش کرنے والی ٹیم نے برمنگھم میں 6 گھروں پر چھاپے مار کر آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔