اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت نے ملک سے دہشت گردی کا قلع قمع اور دہشت گردوں سے بے گناہوں کے خون کا حساب لینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم سے ملاقات کی، اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رخوان اختر، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر چوہدری نثار نے سیاسی و عسکری قیادت کو دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کے لئے کمیٹی کی شفارشات پر اعتماد میں لیا۔
اجلاس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے جب کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے علاوہ ملک کے ہر کونے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔