پشاور (جیوڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ کہتے ہیں کہ مذاکرات کے لئے کمیٹیاں خلوص سے کام کر رہی ہیں لیکن شہر میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات مذاکرات کے عمل کو متاثر بھی کر سکتے ہیں۔
آئی جی ایف سی گالف کپ کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے واقعات پر قابو پانا بہت ضروری ہے۔
مذاکرات کے لیے دونوں جانب کی کمیٹیاں خلوص سے کام کر رہی ہیں اور اچھی امید رکھنی چاہیئے۔
انکا کہنا تھا کہ پختون اور قبائلی روایات کے مطابق کسی معاملے میں جرگہ آ جائے تو فائر بندی ہو جاتی ہے اسکے لیے کہنا نہیں پڑتا۔
گورنر کا کہنا تھا کہ پشاور میں کھیلوں کے مقابلے امن کا تاثر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں گورنر گالف ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔