رائے ونڈ (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت، سیاسی جماعتیں اور ادارے ایک پیج پر ہیں،،مرکز اور صوبے مل کر دہشت گردی کا قلع قمع کر سکتے ہیں۔ رائے ونڈ میں وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، مرکز اور صوبے مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرسکتے ہیں مسائل کے حل کے لیے متحد ہو کر چلنا ہوگا۔
نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد تیزی سے جاری ہے، عوام کی معاونت کے بغیر مثبت نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیےحکومت دن رات کام کر رہی ہے، پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے ذریعے ریلیف براہ راست عوام تک پہنچا رہے ہیں، دونوں رہنماوں کی ملاقات میں نئے گورنر پنجاب کے تقرر اور سینیٹ انتخابات کے معاملات پر بھی غور کیا گیا۔