دہشتگردوں کیخلاف آپریشن، صوبوں کو سخت سیکیورٹی اقدامات کی ہدایات

Security

Security

لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن کے بعد تمام صوبائی حکومتوں کو اہم عمارتوں، ائر پورٹس، ریلوے سٹیشنز، بس سٹینڈز، ہوٹلز، بینکس، ملٹی نیشنل کمپنیوں اور دیگر تجارتی مراکز کی سیکورٹی فوری طور پر مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ سول اور پولیس افسران، سیاستدان، وزرا، اراکین اسمبلی سمیت تمام اہم شخصیات کو بھی اپنی سیکورٹی مزید سخت کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو کہا گیا ہے کہ بڑے شہروں میں حساسں عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس لئے شہروں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی مانیٹرنگ مزید سخت کر دی جائے۔

وزارت داخلہ کی ہدایات کے بعد اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ پولیس کا گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ دوسری جانب آئی جی سندھ اقبال محمود نے کراچی سمیت صوبے بھر میں پولیس کو ریڈ الرٹ کرتے ہوئے چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ کرتے ہوئے۔

آئی جی سندھ اقبال محمود نے بتایا کہ کراچی کے حساس علاقوں میں گرینڈ آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے ردعمل کے پیش نظر کراچی اور اندرون سندھ ریڈ الرٹ کر دیا گیا ہے۔ کراچی میں حساس مقامات پر سیکورٹی سخت کرتے ہوئے نفری بڑھا دی گئی ہے۔