اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں غیر معمولی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ قومی سلامتی اور معیشت اولین ترجیح ہے۔ سیاسی مفاد نہیں دیکھا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری کوششیں پاکستان کی بقا کے لیے ہیں۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہوا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے اجلاس کے شرکا کو طالبان سے رابطوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور کابینہ کو نئی سیکورٹی پالیسی کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ موجودہ حالات میں غیر معمولی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پاکستان کا مفاد سلامتی اور معیشت سے وابستہ ہے۔ سیاسی مفاد نہیں دیکھا جائے گا۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری کوششیں پاکستان کی بقا کے لیے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا منفی خبروں کے باوجود ملک اقتصادی ترقی کر رہا ہے۔ امن قائم کر لیں تو ترقی کے معجزے رونما ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا تجربہ کار سیاسی جماعتوں نے مسائل پر سیاست کو پس پشت رکھا۔
اجلاس میں پاکستان کے بارڈر کنٹرول سسٹم کو موثر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر اعظم نے میڈیا، عوام اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔