پشاور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہتے ہیں کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے فوجی عدالتوں کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پشاور کے شہریوں نے بہت قربانیاں دی ہیں یہاں تابوتوں اور کفن کا کاروبار عروج پر ہے لیکن سانحہ پشاور نے پوری دنیا میں انسانیت کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ شہید بچوں کے خون کی خوشبو آج بھی محسوس کررہے ہیں۔
اسکول کے سانحے پر ہر پاکستانی پریشان اور افسردہ ہے، اللہ تعالیٰ سب کو ایسے دن سے بچائے ان کی دعا ہے کہ یہ واقعہ آخری ہو، اب مل کر ایک اسلامی پاکستان بنانے کا وقت آگیا ہے اور انشا اللہ 2015 پاکستان میں امن کا سال ہو گا۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ فوجی عدالتیں عبوری حل ہے جس میں ملزم کو صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا۔ فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ انتہائی مجبوری میں کیا گیا ہے، ملک کی تمام جماعتوں کو فوجی عدالتوں پر تحفظات تھے اس لئے ان کی مدت 2 برس رکھی گئی ہے۔